منگلورو 23/ستمبر (ایس او نیوز) کاڈاپوراکلیریا نگر میں اتوار کی رات کوگروہی تصادم کا واقعہ پیش آیا جس میں یوتھ کانگریس کے ایک لیڈر کے ذریعے کی گئی فائرنگ میں دوسرے گروہ کا نوجوان زخمی ہوگیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ایک انووا کار میں سوار ہوکر سات افراد کلیریا نگر پہنچے جس میں یوتھ کانگریس لیڈر سہیل کندک بھی شامل تھا۔مبینہ طور پر سابق ایم ایل اے محی الدین باوا کی ملکیت والی انووا کار بشیر نامی ایک شخص چلارہاتھا۔ کار سے باہر نکلتے ہی سہیل کندک نے پہلے ایک گولی ہوا میں اور دوسری گولی زمین پر چلائی۔اس پر مقامی افراد بھڑک اٹھے اور انہوں نے بیرونی حملہ آوروں پرپتھر اور اینٹ وغیرہ پھینکنے شروع کیے۔ اس کے جواب میں سہیل کندک نے کئی راؤنڈ فائر کیے جس کے دوران ایک گولی ارشاد(18سال) کے پیر میں لگی۔ اسے زخمی حالت میں علاج کے لئے ڈیرلکٹے کے اسپتال روانہ کردیا گیا۔
جبکہ دوسری طرف مشتعل مقامی افراد نے سہیل اور اس کے ساتھیوں پر تابڑ توڑ حملے شروع کیے جس میں سہیل اور بشیر بھی زخمی ہوگئے۔اور وہ موقع پر سے جان بچاکر بھاگ نکلے۔ بعد میں ان دونوں کوعلا ج کے لئے تھوکٹو کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ہنگامے کے دوران ہجوم نے بڑے بڑے پتھروں اور لاٹھیوں کا استعمال کرتے ہوئے انووا کاربری طرح توڑ پھوڑ کر رکھ دی۔
الال پولیس اسٹیشن میں دونوں گروہوں کی طرف سے ایک دوسرے کے خلاف شکایات درج کی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے لئے جو ریوالور سہیل نے استعمال کیا تھا، اس کا لائسنس موجود ہے۔ پولیس نے ہتھیار اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔آپسی جنگ میں ملوث دونوں گروہوں کے اراکین کے تعلق سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔